21 فروری ، 2013
لاہور…پنجاب کے مختلف شہروں میں آج صبح ایک بار پھربارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج گلگت بلتستان اور کشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔پنجاب کے مختلف شہروں میں آج صبح سے ہی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔میانوالی،مظفر گڑھ،بہاولپور،چیچہ وطنی اور بھکر میں بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا ہے۔ رحیم یار خان اور گردونواح میں بھی تیز ہوا کے ساتھ بارش ہوئی۔ صوبے کے دیگر علاقوں میں موسم ابر آلود ہے اور ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔ شمالی وزیرستان کے تمام علاقوں میں بھی موسلادھار بارش کے بعد سردی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ سندھ اور بلوچستان میں گزشتہ روز کی بارشوں کے بعد موسم کچھ سرد ہے۔ خیبر پختونخوا،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موسم سرد اور خشک ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بلوچستان ، بالائی سندھ، جنوبی پنجاب اور جنوبی خیبر پختونخوا میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔