21 فروری ، 2013
کراچی…سندھ ہائیکورٹ میں منشیات کی خصوصی عدالت سے عمر قید پانیوالے مفرور مجرم معروف خان کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا۔مفرورمجرم آئی جی آفس میں بطور پولیس کانسٹیبل کام کررہا تھا۔مقدمے کی سماعت سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس نعمت اللہ پر مشتمل بنچ نے کی۔اس موقع پر انسداد منشیات کی خصوصی عدالت سے عمر قید کی سزا پانے والے دو قیدیوں کو پیش کیا گیا،جنہوں نے اپنی سزا کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔سماعت جاری تھی کہ اسی مقدمے میں مفرور مجرم معروف خان عدالت میں پیش ہوا اور سزا کیخلاف اپیل دائر کی۔عدالت کے پوچھنے پر اس نے بتایا کہ وہ آئی جی آفس میں بطور پولیس اہلکار طویل عرصے سے کام کررہا ہے ، جس پر عدالت نے فوری طور پر اس کی گرفتاری کا حکم دیا۔