21 فروری ، 2013
کراچی…پی آئی اے کا فلائٹ شیڈول مسلسل ابتری کا شکار ہے۔ کراچی میں عمرہ زائرین 24 گھنٹوں سے احرام کی حالت میں روانگی کے منتظر ہیں۔ پرواز وں کے اوقات میں بار بار تبدیلی سے مسافر وں کو شدید کوفت کا سامنا ہے۔پی آئی اے ذرائع کے مطابق کراچی سے جدہ کیلئے پرواز پی کے 731 کی روانگی کا وقت آج صبح ساڑھے پانچ بجے رکھا گیا یہ پرواز پہلے ہی 12 گھنٹے تاخیر کا شکار تھی، لیکن اب اس کی روانگی کا وقت شام پانچ بجے کر دیا گیا ہے، اس طرح اس پرواز کی روانگی میں تقریباً 24 گھنٹے کی تاخیر ہوچکی ہے ، اس پرواز میں بڑی تعداد میں عمرہ زائرین بھی موجود ہیں۔کراچی سے ممبئی کی پرواز پی کے 274 کو صبح ساڑھے دس بجے روانہ ہونا تھا اب یہ چھ گھنٹے تاخیر سے شام چار بجے روانہ ہوگی ، ڈیرہ اسمٰعیل خان کی پرواز پی کے 345 صبح ساڑھے سات بجے کی بجائے دن گیارہ بجے روانہ ہوئی۔ موسم کی خرابی کی وجہ سے اسلام آباد سے اسکردو کی پرواز پی کے 451 منسوخ کردی گئی۔ پی آئی اے ترجما ن کا کہنا ہے پروازوں کے اوقات میں رد وبدل سے مسافروں کو آگاہ کردیا گیا ہے۔