21 فروری ، 2013
اسلام آباد…مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی کورین کمپنیوں کا وفد 27فروری سے پاکستان پہنچ رہا ہے، وفد اپنے چار روزہ دورے کے دوران ملک میں سرمایہ کاری کے موقعوں کا جائزہ لے گا۔جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خزانہ سلیم مانڈوی والا نے بتایا کہ وفد جنوبی کوریا میں پاکستان کے سفیر شوکت مقدم کے ہمراہ آرہا ہے۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ وفد میں کوریا کی کیمیکل، تعمیرات، زرعی، ایل این جی، اسٹیل، آٹو رکشا اور توانائی کے شعبے کی صف اول کی کمپنیوں کے نمائندے شامل ہیں۔ جنوبی کوریا اور جاپان کی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کر رہی ہیں۔ کورین کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے متعلق سرمایہ کاری بورڈ آگاہی فراہم کرے گا۔