پاکستان
21 فروری ، 2013

ڈگریوں کی تصدیق کیلئے الیکشن کمیشن کے خط پر قائمہ کمیٹی کا اظہار بر ہمی

 ڈگریوں کی تصدیق کیلئے الیکشن کمیشن کے خط پر قائمہ کمیٹی کا اظہار بر ہمی

اسلام آباد…قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور نے ڈگریوں کی تصدیق کیلئے الیکشن کمیشن کے خط پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے،ڈی جی الیکشن کمیشن نے کہا کہ ایچ ای سی کی درخواست پر ارکان کو خط لکھے۔ کمیٹی نے وزارت قانون کی مخالفت کے باوجود پارلیمنٹ میں خصوصی افراد کیلئے نشستیں مختص کرنے کے بل کی منظوری دے دی۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا اجلاس ممتاز عالم گیلانی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا،کمیٹی نے وزارت قانون اور الیکشن کمیشن کے سیکریٹریز کی عدم شرکت پر برہمی کا اظہار کیا۔چیئرمین کمیٹی ممتاز عالم گیلانی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو ڈگریز کی تصدیق کے معاملے پر ارکان پارلیمنٹ کو خطوط لکھنے کی بجائے کمیٹی سے رجوع کرنا چاہیئے تھا۔ ارکان نے ڈی جی الیکشن کمیشن شیر افگن سے انتخابی امور پر زبانی بریفنگ لینے سے انکار کرتے ہوئے آئندہ اجلاس میں تحریری بریفنگ مانگ لی۔ کمیٹی میں پارلیمنٹ میں خصوصی افراد کی نشستیں مختص کرنے کا بل زیر غور لایا گیا تو وزارت قانون نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے ریمارکس کا حوالہ دیا کہ آئین کے تحت ? تمام ارکان کا انتخاب بیلٹ کے ذریعے ہونا چاہیئے۔ کمیٹی نے مخالفت کے باوجود بل کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی۔ بل کے تحت سینیٹ اور قومی اسمبلی میں مخصوص افراد کیلئے چار، چار نشستیں مختص کی جائیں گی۔

مزید خبریں :