21 فروری ، 2013
پشاور … چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس دوست محمد خان نے کہا ہے کہ آمروں نے ریاستی اداروں کی بنیادوں کو کھوکھلا کردیا ہے، قومی چیلنجز کے مقابلے کیلئے متحد ہوکرمنصوبہ بندی کرنی چاہئے۔ پشاور میں کورٹس رپورٹرز کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس دوست محمد خان کا کہناتھا کہ درجنوں ناکوں اور سیکیورٹی فورسز کی موجودگی میں پشاور اور کوئٹہ میں دہشتگردی کے واقعات ان اداروں کی ناکامی ہے۔ ان کا کہناتھا کہ ملک کو اندرونی وبیرونی خطرات کا سامنا ہے ان کا کہناتھا کہ ذاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے والے دشمن کے مقابلے میں متحدہونا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ آمریت نے ریاستی اداروں کی بنیادوں کو کھوکھلا کیا ، قائداعظم کی وفات کے بعد سازشیں شروع ہوئیں اور 60 سالوں سے ہم بھٹکے ہوئے ہیں ملک کو بحران کا سامنا ہے لیکن قیادت کو کوئی پرواہ نہیں۔ ان کا کہناتھا کہ ملک کی کئی جگہوں کو صحافیوں کیلئے نو گو ایریاز بنادیا گیا ہے جس کا مطلب ہے کہ وہاں کچھ غلط ہورہا ہے جسے چھپایا جارہا ہے جو بنیادی حقوق کے خلاف ہے۔ جسٹس دوست محمد خان نے مزید کہا کہ عدلیہ اکیلے زیادہ دیر تک ملکی اداروں کو درست کرنے کا کام نہیں کرسکتی، ہرکسی کو ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا، انتخابات کے بغیر جمہوریت نہیں چل سکتی اس لئے انتخابات وقت پرہونا ضروری ہے۔