پاکستان
21 فروری ، 2013

ڈرون حملوں سے عوام ناراض،امریکا ، متبادل حل تلاش کرے،زرداری

 ڈرون حملوں سے عوام ناراض،امریکا ، متبادل حل تلاش کرے،زرداری

اسلا م آباد…صدرآصف علی زرداری سے امریکی سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین رابرٹ مینینڈیز کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔صدر نے ڈرون حملوں کو غیر موٴثر قرار دیتے ہوئے پالیسی پر نظر ثانی کرنے کا مطالبہ اور افغان سرحد کے پار سے پاکستانی دستوں پر حملوں پر تحفظات کا اظہار کیا۔ رابرٹ مینینڈیز نے پہلے امریکی سفیر کے ہمراہ صدر آصف زرداری اور وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سے ایوان صدر میں ملاقات کی اور بعد میں امریکی وفد کے ہمراہ بھی ملے۔صدارتی ترجمان کے مطابق صدر زرداری نے کہا کہ ڈرون حملوں کی پاکستان میں عوامی سطح پر سخت مخالفت پائی جاتی ہے،امریکا اس کا کوئی متبادل حل تلاش کرے۔صدر زرداری نے زور دیا کہ ایساف اور افغان سیکیورٹی فورسزسرحد پار سے پاکستانی فوج کے آپریشن کو تحفظ فراہم کریں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا جائے، الزام تراشیوں سے عسکریت پسندی کو شکست دینے کے مشترکا مقصد کو فائدہ نہیں ہو گا، پاک امریکا تعلقات کثیر الجہتی ہیں ،انہیں افغا نستان یا کسی ایک پہلو سے دیکھنا درست نہیں۔ صدر نے کہا کہ امریکا ، پاکستان میں توانائی،زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرے اور عالمی برادری بھی توانائی منصوبوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مدد کرے۔ اس موقع پر رابرٹ میننڈیز نے کہا کہ پاکستانی فوج،سیکیورٹی اداروں اور عوام کی دہشت گردی کے خلاف قربانیاں لائق تحسین ہیں۔

مزید خبریں :