Time 21 اکتوبر ، 2024
دلچسپ و عجیب

سعودی عرب میں پہلی بار بحیرہ احمر کی گہرائی میں ایک جوڑا شادی کے بندھن میں بندھ گیا

سعودی عرب میں پہلی بار بحیرہ احمر کی گہرائی میں ایک جوڑا شادی کے بندھن میں بندھ گیا
یہ شادی جدہ کے قریب بحیرہ احمر کی گہرائی میں ہوئی / سوشل میڈیا فوٹوز

بیشتر افراد کا خواب ہوتا ہے کہ ان کی شادی بہت خوبصورت مقام پر ہو اور ان کے جسم پر شاندار لباس ہو۔

مگر موجودہ عہد کے جوڑے زندگی کے اس یادگار دن کے لیے شادی کے روایتی انداز سے ہٹ کر سوچتے ہیں۔

ایسا ہی ایک رجحان حالیہ برسوں میں سامنے آیا ہے اور وہ ہے زیرآب شادی کا۔

ایڈونچر پسند جوڑے زندگی بھر کے رشتے میں بندھنے کے لیے سمندروں کی گہرائی کا رخ کر رہے ہیں۔

ایسی ہی ایک تقریب سعودی عرب میں ہوئی۔

یہ پہلی بار ہے جب سعودی عرب میں ایک جوڑے نے سمندر کی گہرائی میں جاکر ایک دوسرے کا شریک حیات بننے کا فیصلہ کیا۔

حسن ابوالاعلیٰ اور یاسمین دفتردار نے جدہ کے قریب بحیرہ احمر کی گہرائی میں مونگوں کی چٹانوں کے پاس شادی کی۔

اس تقریب میں ان کے چند غوطہ خور دوستوں نے شرکت کی۔

تقریب کا انعقاد سعودی ڈائیوررز نامی ایک مقامی ڈائیونگ گروپ نے کیا تھا۔

اس گروپ نے شادی کی تقریب کے لیے ضروری ملبوسات اور دیگر معاونت فراہم کی۔

شادی کرنے والا جوڑا بھی غوطہ خوری میں مہارت رکھتا ہے اور اسی لیے انہوں نے غیرمعمولی جگہ پر اس دن کو زیادہ یادگار بنایا۔

حسن ابولاعلیٰ نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ 'یہ ایک سرپرائز تھا کیونکہ ہماری ٹیم نے بتایا کہ انہوں نے شادی کی تقریب کی منصوبہ بندی سمندر کے اندر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ ایک خوبصورت اور ناقابل فراموش تجربہ تھا'۔

مزید خبریں :