Time 24 اکتوبر ، 2024
پاکستان

پارلیمنٹ کی طرف سےکی گئی کسی آئینی ترمیم کو عدالت میں چیلنج نہیں کیا جاسکتا: وزیر قانون

اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہےکہ 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف کوئی درخواست آئی تو وہ آئینی بینچ کے پاس ہی جائے گی۔ 

جیو نیوز کے پروگرام "آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ" میں بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ  آئین کے آرٹیکل 239 میں آئین بنانے والوں نے پارلیمنٹ کو اختیار دیا ہےکہ وہ جو چاہے قانون بناسکتے ہیں اور  پارلیمنٹ کی طرف سے کی گئی کسی بھی آئینی ترمیم کو عدالت میں چیلنج نہیں کیا جاسکتا۔ 

اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ 73 کے آئین میں بھی ججز کی تعیناتی کا اختیار صدر کے پاس تھا۔ بعد میں ایک فیصلے کے ذریعےعدلیہ نے اس میں اپنا حصہ بڑھایا اور  پھر 19ویں ترمیم میں اس کا حلیہ بگاڑا گیا، پارلیمنٹ نے دباؤ میں آ کر  اپنے اختیارات پر سمجھوتہ کیا۔

وزیر قانون نے کہا کہ  26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف کوئی درخواست آئی تو وہ آئینی بینچ کے پاس ہی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر تحریک انصاف کو  مخصوص نشستیں مل بھی جاتی ہیں تو بھی اُن کی پارلیمانی کمیٹی میں نمائندگی نہیں بڑھ سکتی تھی۔

مزید خبریں :