24 اکتوبر ، 2024
میو اسپتال لاہور میں امراض قلب کا شعبہ فنڈز نہ ہونے کے باعث بندش کے خدشے سے دوچار ہوگیا ہے۔
شعبے کے سربراہ نے خط لکھ کر کہا ہےکہ فنڈز اور سامان فراہم نہ ہوا تو مریضوں کا علاج بند ہوجائےگا۔
چیف ایگزیکٹو کے نام کارڈیالوجی کے سربراہ پروفیسر عمران کے مراسلے کے بعد اسپتال انتظامیہ نے وقتی طور پر کچھ سامان شعبہ کارڈیک کو فراہم کیا جس سے چند مریضوں کی انجیو گرافی ممکن ہوسکی، باقی مریضوں کو آئندہ ماہ کی تاریخ دے کر ٹرخا دیا گیا۔
صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر راشد ورک کا کہنا ہےکہ شعبہ کارڈیک نہ ہونے کے برابر ہے، مریض خوار ہو رہے ہیں، حکومت جھوٹ پر جھوٹ بول رہی ہے، علاج کے لیے کچھ بھی دستیاب نہیں۔
دوسری جانب اے ایم ایس ڈاکٹرندیم الہٰی کا کہنا ہےکہ فنڈز کی کمی کے باعث صرف دو ہفتوں تک کارڈیک میں آنے والے مریض متاثر ہوئے، اب حالات بہتر ہوگئے ہیں۔
مریضوں کے لواحقین کا کہنا ہےکہ حکومت میو اسپتال میں کارڈیک کی بہتر سہولیات پہنچانے میں ناکام ہے، ادویات ہیں نہ ہی سرجری کا کوئی سامان۔