Time 25 اکتوبر ، 2024
پاکستان

لکی مروت میں خوارج کا مسجد پر حملہ، پاک فوج کا کیڈٹ دہشتگردوں سے مقابلے میں شہید

لکی مروت میں خوارج کا مسجد پر حملہ، پاک فوج کا کیڈٹ دہشتگردوں سے مقابلے میں شہید
19 سال کے کیڈٹ عارف اللہ نے اپنی جان قربان کرتے ہوئے بےگناہ نمازیوں کی جانیں بچائیں: آئی ایس پی آر— فوٹو: آئی ایس پی آر

لکی مروت میں خوارج کے مسجد پر حملے کے دوران پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کے کیڈٹ عارف اللہ دہشتگردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لکی مروت میں خوارج نے نماز مغرب کے دوران  مسجد پرحملہ کیا، پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول کے کیڈٹ عارف اللہ بھی مسجد میں نماز ادا کرنے کیلئے موجود تھے۔

آئی ایس پی آر نے بتایاکہ خوارج نے جیسے ہی فائرنگ شروع کی کیڈٹ نے فوراً جواب دیا اور کیڈٹ عارف اللہ نے خوارج کا بہادری سے مقابلہ کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں 19 سال کے کیڈٹ عارف اللہ نے جام شہادت نوش کیا اور اپنی جان قربان کرتے ہوئے بےگناہ نمازیوں کی جانیں بچائیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق عبادت کے دوران نمازیوں پرحملہ کرنا خوارج کی حقیقی سوچ کو ظاہرکرتا ہے، ایک نوجوان کیڈٹ کا یہ بہادرانہ عمل سکیورٹی فورسزکے عزم کی دلیل ہے، اس طرح کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

مزید خبریں :