23 فروری ، 2013
پشاور … وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ جمہوریت دشمن عناصر کی خواہش ہے کہ موجودہ حالات کا بہانہ بنا کر انتخابات کے انعقاد کو ملتوی کیا جائے تاہم اے این پی کو کسی صورت انتخابات کا التواء قبول نہیں ہے۔ وہ پشاور میں سوات پریس کلب کی تقریب حلف برداری سے خطاب کررہے تھے۔ وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا میاں افتخار حسین نے کہا کہ اگر افغانستان اور عراق میں جنگ کے باوجود انتخابات ہوسکتے ہیں تو پاکستان میں انتخابات ملتوی کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ میاں افتخار حسین نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کو کسی صورت انتخابات کا التواء قبول نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مالاکنڈ میں دہشت گردوں سے مذاکرات کئے گئے تاہم بدقسمتی سے دہشت گردوں کی ہٹ دھرمی کے باعث مذاکرات ناکام ہوئے جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔ وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا میاں افتخار حسین نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے باوجود صوبے میں اپنا ٹی وی چینل کھولنے کیلئے دشواری کا سامنا ہے۔