23 فروری ، 2013
کراچی … قائم مقام گورنر سندھ نثار احمد کھوڑو کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے وزراء کے استعفے ابھی منظور نہیں ہوئے، اب یہ معاملہ پیر کو دیکھیں گے، سیاست میں بات چیت کے دروازے کبھی بند نہیں ہوتے۔ کراچی ایکسپو سینٹر میں لائیو اسٹاک نمائش کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کہ عوام سندھ پیپلز لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی مخالفت کررہے تھے، اس لئے 1979ء کا بلدیاتی نظام بحال کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون بنانا اور قانون واپس لینا اسمبلی کا کام ہے۔ ایک سوال پر نثار کھوڑو نے بتایا کہ کل تک ایم کیو ایم کے وزراء کے استعفے منظور نہیں ہوئے، آج اور کل تعطیل ہے، اب یہ معاملہ پیر کو دیکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاست میں بات چیت کے دروازے کبھی بند نہیں ہوتے۔