23 فروری ، 2013
جامشورو … صوبائی وزیرتعلیم پیر مظہر الحق نے کہا ہے کہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، ایم کیو ایم اور پی پی کے درمیان پل تھے جو اب خطرے میں نظر آرہا ہے ،انہیں واپس آنا چاہئے، ان کی وجہ سے پیپلزپارٹی ، ایم کیو ایم اتنا عرصہ ساتھ رہے، بلدیاتی نظام کا قانون بہت اچھا تھا مگر جن کے ساتھ چلانا تھا وہی چھوڑ گئے۔ سندھ یونیورسٹی جامشورو میں کانووکیشن کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پیر مظہر الحق نے کہا کہ ہمارے ساتھی بغیر بتائے اور بغیر خدا حافظ کہے چھوڑ گئے، ہم نے ایک دوسرے کا ساتھ دینے کا وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام کا قانون بہت اچھا تھا مگر جن کے ساتھ چلانا تھا وہی چھوڑ گئے، سندھ میں بلدیاتی نظام کو گندہ کیا گیا، اس پر سیاست کی گئی، نمبر گیم بنایا گیا، اسے اتنا بدنام کیا گیا کہ واپس لینے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔ پیر مظہر الحق کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کوواپس آنا چاہئے، وہ اچھے آدمی ہیں ان کی وجہ سے ایم کیو ایم اور پی پی اتنا عرصہ ایک ساتھ رہے، گورنر سندھ نے ایم کیو ایم اور پی پی کے درمیان پل کا کام کیا جو اب خطرے میں ہے۔