23 فروری ، 2013
کراچی … سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ جلال محمود شاہ کا کہنا ہے کہ من پسند نگراں حکومت کیلئے جعلی اپوزیشن بنائی جارہی ہے، 1979ء کے بلدیا تی قانون کی بحالی پر سندھ کے عوام 27 فروری کو یوم فتح منائیں گے۔ جلال محمود شاہ کی زیر صدارت سندھ بچاوٴ کمیٹی میں شامل مسلم لیگ ن، نیشنل پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، جے یو آئی ف، سندھ ترقی پسند پارٹی اور عوامی تحریک سمیت دیگر جماعتوں کا اجلاس ہوا۔ میڈیا بریفنگ میں جلال محمودشاہ کا کہنا تھا کہ 2012ء کا بلدیاتی قانون اسمبلی سے پاس کروانے والے اراکین سندھ اسمبلی عوام سے معافی مانگیں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں اپوزیشن لیڈر کے تقرر کیلئے فنکشنل لیگ کی درخواست منظور نہ کرنا ہی حکومت کی بد نیتی ظاہر کرتاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں ایم کیو ایم کا گورنر موجود ہے، ا ن کے وفاقی اور صوبائی وزراء کے استعفے بھی منظور نہیں ہوئے تو انہیں اپوزیشن کیسے تسلیم کرلیں۔