22 نومبر ، 2024
دنیا بھر کی کمپنیز اپنے ملازمین کی دیکھ بھال اور ان کی خوشیوں میں اضافے کیلئے نت نئے بونسز کا اعلان کرتی ہیں لیکن ایک چینی کمپنی ایسی بھی ہے جس نے سنگل ملازمین کی خوشی کیلئے ڈیٹ بونس کا اعلان کیا ہے۔
بھارتی میڈیا میں چین کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ انسٹا 360 نامی چینی سوفٹ ویئر کمپنی نے اپنے آن لائن پلیٹ فارم پر کسی بھی ملازم کیلئے ادارے سے غیر منسلک ہر شخص کو متعارف کروانے پر 66 یوآن دینے کا وعدہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق چینی کمپنی نے ملازمین کو ہر ایک پوسٹ کے لیے ادارے سے باہر کے کسی بھی ایک فرد کو متعارف کرانے پر 66 یوآن کا انعام دینے کا اعلان کیا ہے، اس کے بعد اگر کوئی ملازم پلیٹ فارم کے ذریعے کسی پارٹنر کے ساتھ 3ماہ تک تعلق برقرار رکھے تو کمپنی تعلق بنانے والے افراد کے ساتھ میچ میکر کو بھی 1000 یوآن (تقریباً 11650 روپے پاکستانی) انعام دے گی۔
کمپنی کے ایک ملازم نے بتایا کہ اس اقدام کے ذریعے کمپنی ملازمین کی خوشیوں میں اضافہ چاہتی ہے، مہم کے آغاز کے بعد سے کمپنی کے فورم پر تقریباً 500 پوسٹس شائع ہو چکی ہیں جس کے بعد کمپنی نے ان ملازمین میں تقریباً 10 ہزار یوآن کے نقد انعامات تقسیم کیے جنہوں نے سنگل افراد سے متعلق پوسٹس شیئر کیں۔
واضح رہے کہ کمپنی کا یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چین کو شادی اور پیدائش کی شرح دونوں میں نمایاں کمی کا سامنا ہے۔