25 فروری ، 2013
لندن …متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے صوبہ سندھ کے شہر شکارپورمیں درگاہ حاجن شاہ ماری کے قریب بم دھماکہ کی سخت ترین الفا ظ میں مذمت کی ہے اور اسے بزدلانہ کارروائی قراردیتے ہوئے دھماکہ کے نتیجے میں متعددافراد کے جاں بحق اورگدی نشین سمیت متعددافرادکے شدیدزخمی ہونے پردلی افسوس کااظہارکیاہے۔ لندن سیکریٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق الطاف حسین نے کہاکہ ملک میں انتہاء پسندی اوردہشت گردی کی کاروائیاں عروج پرپہنچ گئیں اور انتہاء پسند سفاک دہشت گرد ملک وقوم کوغیرمستحکم کرنے اور مذموم مقاصدکی تکمیل کیلئے تسلسل کے ساتھ خودکش حملے،بم دھماکے اوردہشت گردی کی کارروائیاں کررہے ہیں جس میں معصوم وبے گناہ شہریوں،سیاسی ومذہبی اور سماجی شخصیات سمیت سیکوریٹی فورسیزکے متعددجوانوں کوسفاکی سے شہیدکیاجاچکاہے۔انہوں نے شکار پورمیں درگاہ حاجن شاہ ماری کے قریب بم دھماکہ کوکھلی دہشت گردی قراردیا ہے۔انہوں نے درگاہ حاجن شاہ ماری کے قریب دھماکے میں جاں بحق ہونیوالے فرد کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے انہیں صبرکی تلقین کی اوردھماکے کے تمام زخمیوں کی جلدومکمل صحت یابی کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضوردعاکی۔الطاف حسین نے صدرمملکت آصف علی زرداری ، وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف ، وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک سے مطالبہ کیاکہ شکارپورمیں درگاہ حاجن شاہ ماری کے قریب بم دھماکہ کانوٹس لیاجائے اور دھماکے میں ملوث سفاک دہشت گردوں کوگرفتارکرکے عبرتناک سزادی جائے۔