پاکستان
26 فروری ، 2013

درگاہ حاجن شاہ پربم دھماکا، سندھ کے کئی شہروں میں سوگ ،دکانیں بند

درگاہ حاجن شاہ پربم دھماکا، سندھ کے کئی شہروں میں سوگ ،دکانیں بند

شکارپور …شکارپور میں درگاہ حاجن شاہ ماڑی کے اندر بم دھماکے سے 4 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے۔ واقعے کے خلاف شکار پور، حیدر آباد اور لاڑکانہ میں ہوائی فائرنگ اور احتجاج کیا گیا۔شکار پور کے گاوٴں ماڑی میں واقع درگاہ حاجن شاہ میں ساڑھے آٹھ بجے کے قریب بم دھماکا ہوا۔ عینی شاہدین کے مطابق ایک شخص بیگ لے کر درگاہ کے گدی نشیں سائیں حاجن شاہ سے ملاقات کے لئے اْن کے کمرے میں آیا اور بیگ چھوڑ کر چلا گیا۔ اِس کے کچھ دیر بعد دھماکا ہوگیا۔ دھماکے میں سائیں حاجن شاہ بھی زخمی ہوئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال شکار پور منتقل کیا گیا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد سائیں حاجن شاہ کو سکھر کے نجی اسپتال جبکہ 6 دیگر زخمیوں کو چانڈکا اسپتال لاڑکانہ لے جایا گیا۔بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق بم دو کلو وزنی اور ریموٹ کنٹرولڈ تھا۔واقعے کے بعد شکار پور میں مشتعل افراد سڑکوں پر نکل آئے اور ریلوے ٹریک سمیت مختلف مقامات پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا۔درگاہ حاجن شاہ پر بم دھماکے کے خلاف حیدرآباد کے علاقوں قاسم آباد اور حسین آباد میں مشتعل افراد نے ہوائی فائرنگ کی اور ٹائر جلائے۔لاڑکانہ میں بھی صورت حال کشیدہ ہوگئی جس کے بعد رینجرز اور پولیس کے دستے تعینات کردیئے گئے ہیں۔ لاڑکانہ میں حسینی جماعت اور دیگر مذہبی تنظیموں نے آج ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

مزید خبریں :