26 فروری ، 2013
جیکب آباد …جیکب آباد میں 6 روز پہلے ہونے والے بم دھماکے کے خلاف سندھ کے مختلف شہروں میں دھرنے دیئے گئے ۔جیکب آباد میں 6 روز پہلے ہوئے بم دھماکے میں معروف مذہبی شخصیت سائیں حسین شاہ کا پوتا جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔ اس واقعے کے خلاف پیر کو بھی مختلف تنظیموں کے تحت کئی شہروں میں دھرنے دیئے گئے جو رات گئیتک جاری رہے۔لاڑکانہ اور قمبر شہداد کوٹ کے داخلی و خارجی راستو ں پر جماعت اہل سنت ، جمعیت علمائے پاکستان اور حسینی جماعت کے کارکنوں نے دھرنے دیئے۔اوباڑو میں سائیں حسین شاہ کیمریدوں نے قومی شاہراہ پر اورسکھر میں سنی تحریک اور دیگر مذہبی جماعتوں کے کارکنوں نے سکھر بائی پاس پر دھرنا دیا۔ دھرنوں کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔جیکب آباد ، کشمور، کندھ کوٹ اور تنگوانی میں مختلف مذہبی جماعتوں کے دھرنے ملزموں کی گرفتاری کے لئے پولیس کی یقین دہانی کے بعد ختم کردیئے گئے۔ شکار پور میں بھی ریلوے ٹریک اور قومی شاہراہ پر دھرنے ختم کردئے گئے۔ادھر خیرپور میں سنی تحریک کی جانب سے ببر لو بائی پاس پر اور دادو میں جام شورو انڈس ہائی وے پر حسینی جماعت کی جانب سے دھرنا جاری ہے۔ دھرنے کے شرکا کا مطالبہ ہے کہ جیکب آباد دھماکے میں ملوث ملزموں کی گرفتاری تک احتجاج جاری رہے گا۔