03 دسمبر ، 2024
بنگلادیش میں بھارتی ٹی وی چینلز پر پابندی کی درخواست دائر کردی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلا دیش ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کی گئی ہے جس میں بھارتی ٹی وی چینلز پر پابندی عائدکرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
پٹیشن کیبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک آپریشن ایکٹ 2006 کے تحت ایڈووکیٹ اخلاص الدین کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں وزارت اطلاعات اور وزارت داخلہ اور بنگلا دیش ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹری کمیشن کے سیکرٹریوں کو نامزد کیا گیا ہے۔
عدالت نے درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے جسٹس فاطمہ نجیب اور جسٹس سکدر محمود الرازی پر مشتمل بینچ تشکیل دے دیا ہے۔
بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ بھارتی چینلز پر اشتعال انگیز خبریں دکھائی جا رہی ہیں۔ بنگلا دیشی ثقافت کے خلاف مواد نوجوانوں پر منفی اثر ڈال رہا ہے اور یہ چینلز بغیر کسی اصول کی پیروی کے چلائے جارہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شیخ حسینہ واجد حکومت کے خاتمےکے بعد سے بھارت اور بنگلادیش کے تعلقات میں تناؤ دیکھا جارہا ہے۔
بنگلادیش میں ہندو رہنما چنمے کرشنا داس کی گرفتاری کے خلاف بھارت کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز مظاہرے کیے گئے۔ بھارتی شہر اگر تلہ میں 50 سے زائد مظاہرین نے بنگلا دیشی اسسٹنٹ ہائی ہائی کمیشن پر حملہ کردیا۔
بنگلادیش کی عبوری حکومت کا کہنا ہےکہ مظاہرین نے قونصل خانے کے مرکزی دروازے کو توڑ کر قومی پرچم کی بے حرمتی کی اور املاک کو نقصان پہنچایا۔بنگلادیش نے واقعے پر بھارت سے مظاہرین کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ بنگلادیش میں ہندو رہنما چنمے کرشنا داس غداری سمیت دیگر الزامات میں گرفتار ہیں۔ ہندو رہنما کی گرفتاری پر ڈھاکا اور چٹاکانگ میں مظاہروں اور جھڑپوں میں ایک مسلمان وکیل بھی جاں بحق ہوا تھا۔