Time 04 دسمبر ، 2024
دنیا

غزہ پٹی کے انتظام پر حماس اور فتح کے مذاکرات معاہدے کے قریب پہنچ گئے

غزہ پٹی کے انتظام پر حماس اور فتح کے مذاکرات معاہدے کے قریب پہنچ گئے
فوٹو: فائل

جنگ کے بعد غزہ پٹی کے انتظام پرحماس اورفتح کےدرمیان مذاکرات میں فریقین آزاد سیاسی ٹیکنوکریٹس کی کمیٹی بنانے کے معاہدے کے قریب پہنچ گئے۔

فلسطینی اتھارٹی کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ ٹیکنوکریٹس کمیٹی کے تقرر سے حماس کی حکمرانی ختم ہو جائے گی،  اس سے اسرائیل کے ساتھ مذاکرات کو آگے بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔

فلسطینی اتھارٹی کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ کمیٹی انسانی امداد اور تعمیر نو کیلئے مقامی اور بین الاقوامی فریقین کے ساتھ کام کرے گی۔

فلسطینی اتھارٹی کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ قاہرہ میں ہونے والے مذاکرات کے دوران دونوں فریقین کے درمیان معاہدے کے بنیادی نکات پر اتفاق ہو گیا ہے، کمیٹی 12 سے 15 ارکان پر مشتمل ہوگی جس میں اکثریت کا تعلق غزہ سے ہوگا۔

فلسطینی عہدیدار نے بتایا کہ ٹیکنوکریٹ کمیٹی فلسطینی اتھارٹی کو رپورٹ کرگی جس کا ہیڈ کوارٹر مقبوضہ مغربی کنارے میں واقع ہے۔

مذاکرات سے متعلق حماس کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ حماس اور فتح نے معاہدے کے بنیادی نکات پر اتفاق کرلیا ہے تاہم کچھ تفصیلات پر بات چیت کا عمل جاری ہے کہ کس طرح کے افراد اس کمیٹی کا رکن بننے کے اہل ہوں گے۔

حماس رہنما کا کہنا تھا کہ شرائط پر تمام فلسطینی فریقین کے اتفاق کے بعد ہی معاہدے کا اعلان کیا جائے گا، تاہم معاہدے کے اعلان کیلئے کوئی وقت نہیں دیا گیا۔

مزید خبریں :