26 فروری ، 2013
اسلام آباد…سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کو بتایا گیا ہے کہ ملک میں خسرہ کی ویکیسن کی کمی نہیں ، ضلعی سطح پر حفاظتی ٹیکے لگنے کی شرح بہت کم ہے، خسرہ کی روک تھام کے لیے 55 ملین ڈالرز کی لاگت سے پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، غیر ملکی ڈونرز 30 ملین ڈالرز دیں گے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کا اجلاس چیئرپرسن فرح شاہ کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ای پی آئی ( ایکسپینڈڈپروگرام فار امیونیائزیشن )کے حکام نے ملک میں خسرہ کی وبا پھیلنے پر بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ ضلعی سطح پر بچوں کی مکمل ویکسی نیشن نہیں کی گئی، وفاق کو بھجوائے گئے اعداد و شمار بھی غلط ہیں۔کسی بھی علاقے میں ویکسی نیشن کی شرح 50 فیصد سے زیادہ نہیں۔ سندھ میں خسرہ سے بچوں کی زیادہ اموات کا باعث اسپتالوں میں کیس مینجمنٹ کا صحیح نہ ہونا ہے۔