Time 04 دسمبر ، 2024
پاکستان

’مظاہرین آتشی اسلحہ سے لیس تھے‘، پی ٹی آئی احتجاج میں زخمی ایس ایچ او کا بیان

’مظاہرین آتشی اسلحہ سے لیس تھے‘، پی ٹی آئی احتجاج میں زخمی ایس ایچ او کا بیان
فوٹو: سوشل میڈیا

پی ٹی آئی مظاہرین کے احتجاج کے دوران زخمی ہونے والے ایس ایچ او طاہر اقبال کا کہنا ہے کہ تمام مظاہرین آتشی اسلحہ سے لیس تھے جبکہ ہم انہیں بغیر اسلحہ کے کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

ایس ایچ او تھانہ نیو ائیرپورٹ طاہر اقبال نے اپنے بیان میں کہا کہ 24 نومبر 2024 کو میں لا اینڈ آرڈر کیلئے موٹروے پر تعینات تھا، رات تقریباً 11 بجے پرتشدد مظاہرین سے ہمارا سامنا ہوا یہ تمام مظاہرین آتشی اسلحہ سے لیس تھے جبکہ ہم انہیں بغیر اسلحہ کے کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اسی دوران آس پاس کی پہاڑیوں پر موجود عسکری شرپسند جن کے پاس آتشی اسلحہ تھا وہ ہم پر حملہ آور ہوئے اور ان تمام عسکری شرپسندوں کے پاس تیس بور رائفل اور پسٹل تھے۔

انہوں نے کہا کہ ان شرپسندوں نے پہاڑوں پر آگ لگائی اور فائرنگ کرتے ہوئے ہماری جانب بڑھنے لگے۔

ایس ایچ او طاہراقبال نے کہا کہ شرپسندوں نے مجھے تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے کھائی میں پھینک دیا جس سے میرا بازو فریکچر ہو گیا اور دیگر چوٹیں بھی آئیں اسی دوران ڈی پی او کے اسکواڈ نے مجھے کھائی سے ریسکیو کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسا بروقت نہ کیا جاتا تو شاید آج میں یہاں موجود نہ ہوتا آج میں نے ایک بار پھر اپنی ڈیوٹی کو جوائن کرلیا ہے اور میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پرعزم ہوں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد میں تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران مظاہرین کی پولیس سے جھڑپیں ہوئیں جس دوران متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تھے جبکہ شرپسندوں کے حملوں کے نتیجے میں تین رینجرز اہلکار اور ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا تھا۔

مزید خبریں :