Time 05 دسمبر ، 2024
کھیل

پی ایس بی نے اولمپک چارٹر کے مطابق کھیلوں کی فیڈریشنز کے لیے ضابطہ اخلاق نافذ کردیا

پی ایس بی نے اولمپک چارٹر کے مطابق کھیلوں کی فیڈریشنز کے لیے ضابطہ اخلاق نافذ کردیا

اسلام آباد: پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے اولمپک چارٹر کے مطابق کھیلوں کی فیڈریشنز کے لیے ضابطہ اخلاق کا نفاذ کر دیا۔

گزشتہ روز وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے صدر رانا ثنا اللہ خان کی زیر صدارت 31 ویں بورڈ اجلاس میں ملک میں کھیلوں کی فیڈریشنز کی گورننس کو بہتر بنانے کے لیے متعدد اقدامات کی منظوری دی گئی۔ 

اہم اصلاحات میں فیڈریشن کے انتخابات کی نگرانی کے لیے ایک خودمختار الیکشن کمیشن کا قیام، تنازعات، شکایات اور اپیلوں کے حل کے لیے ایک خصوصی ٹربیونل کا قیام اور فیڈریشنز کے گورننس فریم ورک کو عالمی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے چارٹر کے مطابق بنانے کی تجویز شامل ہے۔

اس کے علاوہ بین الاقوامی میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کے لیے نقد انعام کو بڑھا کر 1 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے اور چیمپئن کھلاڑیوں کے لیے گولڈ کارڈ متعارف کرایا گیا ہے جس کے ذریعے وہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کی سہولتوں تک رسائی حاصل کر سکیں گے اور انہیں مزید مدد اور وسائل فراہم کیے جائیں گے۔

اجلاس میں آئی او سی چارٹر کے گڈ گورننس کے اصولوں کے مطابق اصلاحات کی منظوری دی گئی، جو برطانیہ، آسٹریلیا اور سوئٹزرلینڈ جیسے ممالک میں پہلے ہی اپنائے گئے عالمی بہترین طریقوں کی عکاسی کرتے ہیں۔

اجلاس میں منظور ہونے والے اہم فیصلوں میں پاکستان کوڈ آف ایتھکس اینڈ گورننس ان اسپورٹس (PCEGS) کا نفاذ بھی شامل ہے، یہ فریم ورک کھیلوں کی فیڈریشنز کے انتظام میں شفافیت اور دیانتداری کو یقینی بناتا ہے، اس میں بدعنوانی، ڈوپنگ، اور اقربا پروری جیسے مسائل کے خاتمے کے لیے واضح فریم ورک فراہم کیا گیا ہے جو قومی قوانین اور بین الاقوامی معیارات کے مطابق ہے۔

اجلاس میں ماڈل دستور العمل کی منظوری دی گئی جس میں تمام کھیلوں کی فیڈریشنز کو اپنے گورننس فریم ورک کو آئی او سی چارٹر اور اپنے متعلقہ بین الاقوامی فیڈریشنز کے گورننس ڈھانچے کے مطابق بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس اقدام سے ملک بھر کی فیڈریشنز میں شفافیت اور خودمختاری کو فروغ ملے گا۔

مزید خبریں :