Time 09 دسمبر ، 2024
پاکستان

کے پی ہاؤس پر چھاپہ، پختونخوا حکومت آئی جی اسلام آباد پر مقدمے کے اندراج سے پیچھے ہٹ گئی

کے پی ہاؤس پر چھاپہ، پختونخوا حکومت آئی جی اسلام آباد پر مقدمے کے اندراج سے پیچھے ہٹ گئی
اگر یہاں مقدمہ درج کیا گیا توافسران کےخلاف مقدمات کیلئے اسےجوازبنایا جائے گا، آئی جی اور چیف سیکرٹری نے وزیراعلیٰ کومقدمہ درج نہ کرنے پرآمادہ کرلیا— فوٹو:فائل

خیبرپختونخوا حکومت نے کے پی ہاؤس اسلام آباد میں پولیس کارروائی پرانسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس اسلام آباد کےخلاف آیف آئی آر درج نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق کے پی حکومت آئی جی اسلام آباد کے خلاف آیف آئی آر درج نہیں کرے گی اور آئی جی، چیف سیکرٹری نے وزیراعلیٰ کومقدمہ درج نہ کرنے پرآمادہ کرلیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کےپی حکومت مقدمے سے متعلق صوبائی کابینہ کےفیصلے پرعمل درآمد نہیں کرےگی، کابینہ نےآئی جی اسلام آباد اور600 اہلکاروں پرکےپی میں مقدمہ درج کرنےکافیصلہ کیا تھا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ چیف سیکرٹری اور آئی جی نےقانونی پہلوؤں سےمتعلق وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا اور بریفنگ میں بتایاکہ واقعہ جہاں ہوا وہاں پر ہی مقدمہ درج کیا جاسکتا ہے، اگر یہاں مقدمہ درج کیا گیا توافسران کےخلاف مقدمات کیلئے اسےجوازبنایا جائے گا۔

بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ کل کو ہمارے افسران کےخلاف دیگر صوبوں میں مقدمات درج ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق مقدمہ اندراج پروزیر داخلہ محسن نقوی نے آئی جی کےپی سے رابطہ بھی کیا تھا، ایڈووکیٹ جنرل نے کے پی ہاؤس اسلام آباد میں پولیس چھاپے کے متعلق کابینہ کوآگاہ کیا تھا۔

اس حوالے سے مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہناتھاکہ اس مسئلہ پر قانونی پہلووں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، ایڈووکیٹ جنرل کےپی اور ان کا اسٹاف اس پر کام کر رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ قانونی کارروائی پوری ہونے کے بعد اس پر ایکشن لیا جائے گا۔

خیال رہے کہ خیبرپختونخوا کابینہ کے فیصلے کے تحت انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس اسلام آباد پر ایف آئی آر درج کرانے کیلئے پشاور کے تھانے میں درخواست جمع کرائی گئی تھی۔

مزید خبریں :