11 دسمبر ، 2024
کراچی: چیئرمین پاکستان علما کونسل مولانا طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ جس طرح آپ کا حق ہے کہ اپنا ادارہ وزارت صنعت کے ساتھ رجسٹرڈ کرائیں اس طرح ہمارا بھی حق ہے کہ اپنا ادارہ وزارت تعلیم کےساتھ رجسٹرڈ کرائیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ 2019 سے مدارس کو وزارت تعلیم سے منسلک کیا تھا اور اس پر خوشیاں منائیں تھی، مشترکہ مطالبہ تھا کہ مدارس عربیہ کو وزارت تعلیم کے ساتھ منسلک کیا جائے۔
انہوں نے کہا خوف پھیلایا جاتا ہے کہ کوئی آئے گا اور مدارس کا نصاب تبدیل ہوجائے گا، یہاں یہ ممکن نہیں ہے، یہ تاثر دیا گیا ہے علماء یا مکاتب فکر آپس میں آمنے سامنے ہیں، جس طرح آپ کا حق ہے کہ اپنا ادارہ وزارت صنعت کے ساتھ رجسٹرڈ کرائیں اس طرح ہمارا بھی حق ہے کہ اپنا ادارہ وزارت تعلیم کےساتھ رجسٹرڈ کرائیں، ہماری تربیت گالی یا کسی پر انگلی اٹھانے کی نہیں نا ہمارا کوئی جھگڑا ہے۔
مولانا طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ مدارس سے متعلق معاہدے پر مولانا تقی عثمانی،مفتی منیب اور دیگر علما کے دستخط ہیں، دستخط کرنے والے یہ تمام علما ہمارے لیے محترم ہیں، آپ کے ادارے کو حکومت نے بورڈ کی حثیت دی ہم مان رہے ہیں، ہمارے اداروں کو بھی بورڈ کی حثیت دی گئی آپ اسے تسلیم کریں، میں اپنے حق کی بات کررہا ہوں میرا حکومت سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔