15 دسمبر ، 2024
اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی سے حکومت کا جو تحریری معاہدہ ہوا ہے اس پر عمل کیا جائے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے یوسف رضا گیلانی نےکہا کہ پیپلز پارٹی وفاقی کابینہ کا پہلے بھی حصہ نہیں تھی اور آئندہ بھی نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو تحفظات تھے جس پر مذاکرات جاری ہیں، جب کوئی حتمی بات ہوگی تو سب کو آگاہ کیا جائے گا۔
یوسف رضاگیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے حکومت کا جو تحریری معاہدہ ہوا اس پر عمل کیا جائے، مہذب دنیا میں مذاکرات سے ہی مسائل کا حل نکالا جاتا ہے، تمام سیاسی مسائل کا حل مذاکرات ہیں۔
پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بنائے جانے کے سوال پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اجلاس جب بلایاجائےگا تو نوٹیفکیشن جاری ہو جائےگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس نہ بلانے پر پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) لیگ کے درمیان اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں اور قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران بھی فریقین نے شدت کے ساتھ اپنا موقف پیش کیا تھا۔