19 دسمبر ، 2024
کراچی: محکمہ موسمیات نے آج سے کراچی میں تیز ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور رات میں سردرہنے کا امکان ہے تاہم گزشتہ روز شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 13ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ شہر قائد میں آج صبح کم سے کم درجہ حرارت 12.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوامیں نمی کا تناسب 43 فیصد ہے تاہم آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں شمال مشرق سےہلکی ہوائیں چل رہی ہیں ، شہر میں آج وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسکردو اور زیارت میں کم سےکم درجہ حرارت منفی 7 ریکارڈ کیا گیا، ہنزہ، گلگت، دالبندین میں منفی 5، استور، کوئٹہ منفی 4، اسلام آباد،مٹھی 1، پشاور، مظفر آباد 2 ، لاہور، سرگودھا اور ڈیرا اسماعیل خان میں 5، ملتان، بہاولپور، سکھر اور بنوں میں 6 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
مزید برآں شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ون کو پشاور سے رشکئی تک ہرقسم ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔