28 فروری ، 2013
واشنگٹن....امریکا میں شوہر کے ہاتھوں چہرہ جھلسنے کے سبب خود کو دنیا و مافیا سے الگ کرنے والی خاتون کو فیس ٹرانسپلانٹ کے سبب نیا چہرہ مل گیا ہے۔ کامیاب سرجری نے پاکستان کی ان خواتین کو بھی جینے کی امنگ دیدی ہے جن کے چہرے جھلسادیے گئے تھے۔ اورمونٹ سے تعلق رکھنے والی خاتون کے چہرے کا ٹرانسپلانٹ امریکی ریاست میساچوسس کے شہربوسٹن میں کیا گیا۔44برس کی نرس کارمین ٹارلی ٹن کے چہرے کی پیوند کاری کے لیے ٹشو ایک خاتون ہی کے چہرے سے حاصل کیے گئے تھے۔خاتون کی گردن،ناک،ہونٹوں اورگالوں کے عضلات ہی نہیں خون کی نالیوں اورنسوں کی بھی پیوندکاری کی گئی ہے۔50سے زائد سرجریوں نے خاتون کے 2007ءسے 80 فیصدجھلسے ہوئے چہرے کورونق دیدی ہے۔ وہ چہرہ جو خاتون کے عزیزبھی پہچان نہ پاتے تھے اب تروتازہ ہوگیاہے۔نرس کے چہرے کی پیوندکاری نے ان سیکڑوں پاکستانی خواتین کو بھی حوصلہ اور جینے کی امنگ دی ہے جن کے چہرے انکے شوہر،،سسرالیوں یا کسی شخص کی نفرت کی بھینٹ چڑھے ہیں تاہم ایسے آپریشن کے لیے جن مالی وسائل کی ضرورت ہے وہ کئی کی پہنچ سے باہرہیں۔امریکی خاتون کے چہرے کی ایک خاص بات یہ بھی کہ ہے وہ ڈونر کے چہرے سے مشابہہ نہیں۔جس ڈونرکی مدد سے یہ پیوندکاری ممکن ہوئی اسکا نام خفیہ رکھاگیا ہے تاہم اسکے عزیزوں کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاہے کہ ٹارلی ٹن کی صورت میں ان کی بیٹی بھی اب زندہ ہوگئی ہے۔