26 دسمبر ، 2024
سینئر پاکستانی اداکارہ فریدہ شبیر نے بیٹی یشمیرا کے نکاح کی تقریب کے اخراجات کے بارے میں بتایا ہے۔
فریدہ شبیر نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی اور کیریئر کے بارے میں بات کی، اسی دوران انہوں نے کچھ عرصہ قبل اپنی بیٹی کے ہونے والے نکاح کی دلچسپ تفصیلات بھی شیئر کیں۔
انہوں نے بتایا کہ میری بیٹی یشمیرا کا نکاح ہوا تو ہم بطور والدین بیٹی کے نکاح کے لیے ایک تقریب کا انتظام کرنا چاہتے تھے لیکن اس کے سسرال والوں نے منع کر دیا۔
فریدہ شبیر نے بتایا کہ یشمیرا کے سسرال والوں نے کہا کہ نکاح کی تقریب کے تمام تر انتظامات ان کی طرف سے ہوں گے۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ ہم لوگ اس بات سے متفق نہیں تھے مگر یشمیرا کے سسرال والوں نے ہمیں یہ کہہ کر منا لیا کہ جو بھی پیسے آپ لوگوں نے اپنی بیٹی کی شادی کے لیے جمع کیے ہیں انہیں کسی اور اچھے مقصد کے لیے استعمال کر سکتے ہیں یعنی اس سے آپ کسی غریب کی بیٹی کی شادی کروا سکتے ہیں۔
فریدہ شبیر نے یہ بھی بتایا کہ ہم نے اپنے پیسوں سے صرف یشمیرا کا جوڑا خریدا تھا، بطور ایک بیٹے کی والدہ کہ میں نے بھی یہ سوچا ہے کہ جب ہم بیٹے کی شادی کریں گے تو اسی طرح سے کریں گے۔