Time 26 دسمبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

پاکستان کے کس فنکار نے بھارت جاکر معاوضے کے عوض بھارتیوں کو کام دیا؟

پاکستان کے کس فنکار  نے بھارت جاکر معاوضے کے عوض  بھارتیوں کو کام دیا؟
 پاکستان میں اتنا نام کمانے کے بعد مجھے زیب نہیں دیتا کہ میں بھارت جاکر ان کیلئے کام کروں : وارث بیگ نے انکشاف

پاکستان کے مشہور سنگر وارث بیگ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے بھارت جاکر  وہاں کے لوگوں کو کام دیا۔

حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران وارث بیگ نے انکشاف کیا کہ بھارت کے مشہور ڈائریکٹر مہیش بھٹ ان کے  ماضی کے مقبول گانے ’کل شب دیکھا چاند جھروکے میں‘ کی دھن کاپی کرنے پر   مجھ سے  معافی مانگ چکے ہیں۔

وارث بیگ نے بتایاکہ ’ماضی میں جیو  نیوز  پر نشر ہونے والے ایک پروگرام میں نادیہ خان نے مجھے اور مہیش بھٹ کو ایک ساتھ لائیو کال پر شامل کیا تھا جس دوران مہیش بھٹ نے میرے گانےکی دھن  کاپی کرنے پر مجھے سوری کیا تھا، اس کال پر مہیش بھٹ نے مجھے کہا تھا کہ ہم نے آپ کا گانا آپ کی اجازت کے بغیر استعمال کیا جس کیلئے میں  معذرت خواہ ہوں‘۔

دوسری جانب بھارت سے ملنے والی پیشکش کے سوال پر وارث بیگ کا کہنا تھا کہ’خوش قسمت ہوں کہ میں نے بھارت جاکر ملائیکا اروڑا اور امریتا اروڑا  کے ساتھ  2 ویڈیوز بنائیں، ہمارے یہاں سے  لوگ بھارت کام لینے جاتے ہیں لیکن میں نے بھارت جاکر بھارتیوں کو معاوضہ دیا، یہ اس وقت کی بات ہے کہ جب پاکستانیوں کیلئے بھارت جانا آسان نہیں تھا  کیونکہ بھارت کاویزا بہت مشکل سے ملتا تھا لیکن میں نے سوچ لیا تھا کہ پاکستان میں اتنا نام کمانے کے بعد مجھے  زیب نہیں دیتا کہ میں بھارت جاکر  ان سے  کام اور معاوضہ مانگوں‘۔

دوران گفتگو وارث بیگ نے ملائیکا اور امریتا کے ساتھ میوزک ویڈیوز کے تجربے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ’بھارت میں پروفیشنلزم زیادہ پایا جاتا ہے، وہ لوگ وقت پر آجاتے ہیں اور وقت ختم ہونے پر جانے کیلئے اٹھ کھڑے ہوتے ہیں ‘۔

مزید خبریں :