28 دسمبر ، 2024
لاہور : آئی سی سی انڈر 19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا جس کی قیادت کومل خان کریں گی۔
خواتین کی قومی سلیکشن کمیٹی نے انڈر 19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2025 کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے، 16 ٹیموں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 18 جنوری سے 2 فروری 2025 تک ملائیشیا میں کھیلا جائے گا۔
وکٹ کیپر بیٹر کومل خان ٹیم کی قیادت کریں گی جبکہ ضوفشاں ایاز نائب کپتان ہوں گی۔
پاکستانی ٹیم 31 دسمبر سے 9 جنوری تک کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں تربیتی کیمپ میں حصہ لے گی اور پھر 10 جنوری کو دبئی کے راستے کراچی سے ملائیشیا کیلئے روانہ ہوگی۔
ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے مطابق 4 گروپس ہیں، ہر گروپ میں چار ٹیمیں شامل ہیں۔ پاکستان کو گروپ بی میں انگلینڈ، آئرلینڈ اور امریکا کے ساتھ رکھا گیا ہے۔
پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 18 جنوری کو امریکا کے خلاف کھیلے گی، اس کے بعد 20 جنوری کو گرین شرٹس کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا جبکہ پاکستان کا آخری گروپ میچ 22 جنوری کو آئرلینڈ کے خلاف ہوگا۔
سپر6 مرحلے کے دو گروپوں میں سے ٹاپ2 ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ سیمی فائنلز 31 جنوری کو ہوں گے جب کہ ٹورنامنٹ کا فائنل 2 فروری کو کوالالمپور میں کھیلا جائے گا۔
کومل خان (کپتان) ( لاہور) ضوفشاں ایاز (نائب کپتان) (واہ کینٹ)، علیسہ مختیار (مظفر گڑھ) اریشہ انصاری (قصور) فاطمہ خان (لاہور) ہانیہ احمر (کراچی) ماہم انیس (اسلام آباد) ماہ نور زیب (مردان) میمونہ خالد (لاہور) مناہل (فیصل آباد) قرۃ العین (سیالکوٹ) راویل فرحان (لاہور) شہر بانو (لودھراں) طیبہ امداد (ایبٹ آباد) اور واصفہ حسین (کراچی)
فضا فیاض، لائبہ ناصر، مناہل جاوید، روزینہ اکرم اور ثانیہ رشید کو ٹریول ریزرو میں رکھا گیا ہے۔