Time 28 دسمبر ، 2024
پاکستان

کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات، ’دی ڈیمو کریٹس‘ پینل نے کلین سوئپ کرلیا

کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں ’دی ڈیمو کریٹس پینل‘ نے ایک بار پھر کلین سوئپ کرلیا۔

کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں ’دی ڈیمو کریٹس پینل‘ نے ایک بار پھر کلین سوئپ کرتے ہوئے 12 نشستوں پر بھر پورکامیابی حاصل کرلی۔

دی ڈیموکریٹس پینل نے مسلسل17ویں مرتبہ کلین سوئپ کیا ہے۔ سالانہ انتخابات کے لیے پولنگ صبح 9 تاشام6 بجے تک بغیر کسی وقفے کے کراچی پریس کلب میں جاری رہی، دی ڈیموکریٹس پینل اور  آزاد امیدواروں نے انتخا بات میں حصہ لیا۔

پولنگ میں انتہائی جوش وخروش دیکھنے میں آیا۔ پریس کلب کے ممبران کی بڑی تعداد نے انتخابی عمل میں حصہ لیا ۔

کراچی پریس کلب الیکشن کمیٹی نے انتخابی نتائج کا اعلان کیا۔ جاری کردہ نتائج کے مطابق’دی ڈیمو کریٹس پینل‘ سے صدر کے امیدوار فاضل جمیلی 560 ووٹ لے کر کامیاب قرار  پائے جب کہ ان کے مدمقابل آزاد امیدوار  ایوب جان سرہندی نے273 ووٹ حاصل کیے۔

دی ڈیمو کریٹس پینل سے نائب صدر کی نشست پر ارشاد کھوکھرپہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے تھے۔

خزانچی کے عہدے پر دی ڈیموکریٹس کے عمران ایوب نے 668  ووٹ لےکر کامیابی حاصل کی، ان کے مدمقابل آزاد امیدوار  آفتاب حسین 149 ووٹ حاصل کرسکے ۔

سیکرٹری کی نشست کے لیے دی ڈیموکریٹس کے محمد سہیل افضل604 ووٹ لے کر کامیاب قرار  پائے جب کہ ان کے مد مقابل آزاد امیدوار قمر رضوی نے237  ووٹ حاصل کیے۔

جوائنٹ سیکرٹری کے عہدے پر دی ڈیموکریٹس کے محمد منصف  688 و وٹ لےکر کامیاب ہوئے جب کہ ان مد مقابل آزاد امیدوار سعید انور خان بونیری 119ووٹ حاصل کر سکے۔

الیکشن کمیٹی کے حتمی نتائج کے مطابق گورننگ باڈی کی نشست کے لیے ڈیمو کریٹس پینل کے عبدالحفیظ بلوچ نے 741 ووٹ،کفیل احمد نے 733 ووٹ، میمونہ صدیقی نے 722 ووٹ، محمد فاروق نے 722 ووٹ، حماد حسین نے 719 ووٹ، منظور شیخ نے 682 ووٹ اور قاضی محمد یاسر نے 679  ووٹ حاصل کیے۔

 آزاد امیدوار سید عتیق احمد نے 261 ووٹ اور قاضی ناصر الدین نے138 ووٹ حاصل کیے۔

واضح رہےکہ کراچی پریس کلب کے1958میں اپنے قیام سے تاحال ہر سال باقاعدگی سے انتخابات منعقد ہوتے رہے ہیں۔

مزید خبریں :