29 دسمبر ، 2024
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے بڑی پارٹیوں کے قائدین میں مذاکرات کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف، آصف زرداری اور عمران خان ساتھ بیٹھ جائیں تو 70 سال کے مسائل 70 دن میں حل ہو جائیں۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا دونوں مذاکراتی کمیٹیاں بھی اپنی جماعت کے ان ہی قائدین سے ہدایات لیتی ہیں۔
دوسری جانب خواجہ سعد رفیق کا ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کے بحرانوں کی وجہ 3 طرح کی ریموٹ کنٹرول جمہوریت ہے، ایک فوجی کنٹرول، دوسرا جب سیاستدان بادشاہ بن جائیں اور تیسرا جب چند جج چیمبر یا گھر میں فیصلہ کریں کہ کون جیل جائے گا اور کون اگلا حکمران بنے گا۔
ان کا کہنا تھا یہ نہیں ہو سکتا کہ سیاستدان رگڑا کھاتا رہے اور فوج کا سابق سربراہ سارا کچھ کرکے گولف کھیلتا رہے۔
اسپیکر ایاز صادق نے کہا قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے بات کرنے پر کوئی روک ٹوک نہیں، اپنے مسائل کے ساتھ عوام کے مسائل پر بھی تو بات کریں۔