29 دسمبر ، 2024
تل ابیب: اسرائیلی میڈیا نے حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ کے ایران میں قتل کے منصوبے سے متعلق خفیہ رپورٹ کی کچھ تفصیلات سامنے لانے کا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا نے ایک خفیہ رپورٹ کے مندرجات بتاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کی مہینوں تک منصوبہ بندی کی گئی مگر جس رات انہیں قتل کیا جانا تھا تب ان کے کمرے کا اے سی یونٹ ٹوٹ گیا تھا جس پر وہ کافی دیر تک اپنے کمرے سے باہر کسی دوسرےکمرے میں چلے گئے تھے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اے سی یونٹ ٹوٹنے اور اسماعیل ہنیہ کے کمرے سے باہر نکل جانے کے بعد ان کے قتل کا منصوبہ بگڑ گیا تھا کیونکہ انہیں قتل کرنے کے لیے ایک چھوٹا ریموٹ کنٹرول بم ان کے کمرے میں رکھا گیا تھا جو انہیں اسی صورت میں نقصان پہنچا سکتا تھا جب وہ کمرے میں موجود ہوتے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کافی دیر بعد بلآخر کمرے کا ای سی ٹھیک کیا گیا اور اسماعیل ہنیہ کمرے میں واپس آگئے جس کے بعد رات کے ایک بج کر 30 منٹ پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکا کیا گیا۔
واضح رہے کہ چند دن قبل اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کٹز نے بھی اسماعیل ہنیہ کو قتل کرنے کا باقائدہ اعتراف کیا تھا۔
اسماعیل ہنیہ کو ایران میں رواں سال 31 جولائی کو اس وقت شہید کیا گیا تھا جب وہ نئے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی غرض سے ایران میں موجود تھے۔