29 دسمبر ، 2024
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے سوسائٹیز رجسٹریشن (ترمیمی) ایکٹ 2024 کا قومی اسمبلی سے گزٹ نوٹیفکیشن جاری ہونے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے کہاکہ آج کا دن ہماری محنت اور جدوجہد کا ثمر ثابت ہوا ہے، اللہ کی مدد سے ہم نے دینی مدارس کے تحفظ کی راہ ہموار کی ہے اور یہ سرخرو ہونے کا لمحہ ہے۔
ان کا کہناتھا کہ جے یو آئی کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں دینی اداروں کو ایک نیا اور مضبوط قانونی تحفظ ملے گا۔
ترجمان نے کامیابی کو پورے ملک کے علما اور دینی اداروں کے اتحاد کی مرہونِ منت قرار دیا اور کہا کہ مدارس دینیہ نہ صرف اسلام کے قلعے ہیں بلکہ پاکستان کے نظریاتی جغرافیے کے محافظ بھی ہیں، ان کی اہمیت کا اعتراف کرنا ہم سب پر فرض ہے۔
اسلم غوری نے عزم کا اظہار کیا کہ جے یو آئی ہر قیمت پر دینی مدارس کی خود مختاری کی حفاظت کرے گی اور ان کے خلاف ہونے والی کسی بھی سازش کو کامیاب ہونے نہیں دے گی۔
ان کا کہان تھاکہ مدارس کی خود مختاری پر کسی قسم کا کمپرومائز نہیں کیا جائے گا، ہم ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور مدارس کو مکمل تحفظ فراہم کریں گے۔
خیال رہے کہ سوسائٹیز رجسڑیشن ایکٹ پر صدر مملکت نے دستخط کر دیے تھے جس کے ساتھ وہ قانون بن گیا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری گزٹ نوٹیفکیشن کے مطابق اس ایکٹ کو سوسائٹیز رجسٹریشن (ترمیمی) ایکٹ 2024 کہا جائے گا اور یہ ایکٹ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔