01 جنوری ، 2025
ہر سال کے آغاز میں نئے پلانز ترتیب دینے، عادتوں کو بدلنے اور خود کی بہتری کے لیے نیو ایئر ریزولیشن بنائی جاتی ہیں جو ضروری تو نہیں البتہ اپنے لیے مقرر کیا گیا ایک پلان ہے۔
جیو ڈیجیٹل نے سال 2024 کے اختتام پر شوبز اور فیشن کے ستاروں سے یہ جاننے کی کوشش کہ وہ اپنے کن خوابوں کو پورا کرنے میں کامیاب رہے؟
اداکارہ مہوش حیات نے کہا کہ 2024 میں زیادہ سے زیادہ سفر کرنے کا سوچا تھا کیونکہ کورونا میں سب بند تھا تو میں نے اس سال جتنا ممکن ہوسکا ٹریولنگ کی اور اپنے وقت کو انجوائے کیا ۔
اداکارہ کبریٰ خان نے بھی مہوش حیات کی طرح سفر کرنے کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ ’ٹریولنگ کے ساتھ میں نے سوشل میڈیا پر زیادہ ایکٹیو رہنے کا بھی ارادہ کیا تھا اور ساتھ ہی فٹ رہنے پر بھی توجہ دی‘۔
اداکار عمران عباس نے اس بارے میں بتایا کہ وہ نیو ایئر کے حوالے سے کوئی خاص پلان یا ریزولیشن تو کھبی نہیں بناتے لیکن نئے سال کی شروعات وہ پہلے مختلف انداز میں کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ کام کی وجہ سے اگر کہیں باہر ہوں اور نیو ایئر نائٹ ہے تو باہر نکل جاتا تھا ورنہ میں کوئی خاص اہتمام سے نئے سال کا آغاز نہیں کرتا۔
عمران عباس کا کہنا تھا کہ نئے سال کا آغاز مصلے سے کرتا تھا، گزرنے والے سال پر اللہ کا شکر ادا کرتا تھا اور آنے والے کے لیے دعا کرکے سیدھا ماں باپ کے پاس جاتا تھا، والدین کو وقت دیتا تھا، میرے نزدیک یہ وہ لوگ ہیں جو سب سے اہم ہیں اور نیا سال ان کے ساتھ شروع کرنا چاہیے۔
اپنی شخصیت پر کام کرنا بھی بہت سے افراد کی فہرست میں اولین ترجیح ہوتا ہے اداکار جنید خان بھی انہی لوگوں میں شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے یہ ہی سوچا تھا کہ اپنا سب سے بہترین ورژن بننا ہے۔ ہر سال ہی میں خود پر کام کرنے اور بہت سی چیزیں بدلنے کا سوچتا ہوں۔
تنازعات میں رہنے والے اداکار یاسر حسین نے 2024 میں ٹی وی اسکرین کے لیے کچھ بنانے کا سوچا تھا جس میں وہ کامیاب بھی ہوگئے ہیں۔
یاسر حسین نے کہا کہ میں کچھ لکھنا یا ڈائریکٹ کرنا چاہتا تھا جو ٹی وی اسکرین پر کچھ فرق تو کرے لیکن ساتھ ہی کسی شخص کی سوچ کو بدلنے میں بھی کردار ادا کرسکے۔
یاسر حسین ’پیراڈائیز‘ نامی اپنے ایک ٹی وی پروجیکٹ پر بطور ہدایتکار اور رائٹر کام کر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ کشمالہ کے کردار سے مقبولیت حاصل کرنے والی اداکارہ حبا علی نے جیو ڈیجیٹل کو بتایا کہ میری ریزولیشن تھی کہ سال 2024 میں بہت کام کروں اور زندگی کے آخری دن تک کام کرتی رہوں۔
گلوکار و اداکار عاشر وجاہت نے اپنے خوابوں کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ سولو سانگ ریلیز کرنا چاہتے تھے۔
عاشر نے کہا کہ میں نے اپنے سولو گانے ’صدقے‘ پر کام کیا اور ریلیز کیا‘۔
عاشر وجاہت اداکار و گلوکار ثمر جعفری کے ساتھ ہدایتکار نبیل قریشی کی فلم ’نا بالغ افراد‘ میں مرکزی کردار میں نظر آئے تھے۔
کوک اسٹڈیو سیزن 15 میں سندھی گانے ’آئی آئی‘ سے شہرت پانے والے ریپر بابر منگی کا شادی خانہ آبادی کا ارادہ تھا، لیکن انہیں فی الحال اس میں کامیابی حاصل نہ ہوسکی جبکہ ان کے ساتھی گلوکار نعمان راجپر گھر بسانے میں کامیاب ہوگئے۔
‘ بابر نے قہقہ لگاتے ہوئے جیو ڈیجیٹل سے کہا کہ میں نے سوچا تھا شادی کا اہتمام کیا جائے پر ابھی تلاش جاری ہےجبکہ نعمان مسکراتے ہوئے کہنے لگے کہ انہوں نے اپنا خواب پورا کرلیا اور اب وہ بابر کی شادی کے انتظار میں ہیں۔
فیشن ڈیزائنر پریشے عدنان نے سال 2024 میں اپنے لیے طے کیا تھا کہ وہ کسی کا دل نہیں دکھائیں گی۔
جیو ڈیجیٹل کے اس سوال پر کہ وہ اپنی ریزولیشن میں کتنی کامیاب ہوئیں ؟تو انہوں نے جواب دیا کہ میں نے لوگوں سے ملنا ہی چھوڑ دیا۔
ماڈل و اداکارہ ماہا طاہرانی نے خیال ظاہر کیا کہ میں ریزولیشنز وغیرہ پر یقین نہیں رکھتی جو آج کرنا ہے وہ آج کریں۔
شاعر علی زریون بھی ریزولیشنز سے دور رہنے والے دکھائی دیے۔ان کا کہنا تھا کہ میں ان چیزوں کو نہیں مانتا میرا خیال ہے کہ ہم کتنے بھی منصوبے بنالیں جو رب میرے لیے کرتا ہے وہ سب سے بہتر ہے۔