Time 01 جنوری ، 2025
پاکستان

پاکستان کو مضبوط بنانے کیلئے غریب طبقے کی ترقی پر توجہ دینا ہو گی: صدر آصف زرداری

پاکستان کو مضبوط بنانے کیلئے غریب طبقے کی ترقی پر توجہ دینا ہو گی: صدر آصف زرداری
صدر پاکستان نے سالِ نو پر قوم اور عالمی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے__فوٹو: فائل

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے غریب طبقے کی ترقی پر توجہ دینا ہو گی۔

نئے سال کا سورج نئی آرزووں، نئی امنگوں اور نئے خوابوں کے ساتھ طلوع ہو گیا، اس موقع پر ملک کے صدر نے  سالِ نو پر قوم اور عالمی برادری کو مبارکباد پیش کی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ دعا ہے نیا سال پاکستانی قوم کے لیے امن،استحکام، ترقی اورخوشحالی لےکر آئے، اُمید ہے کہ نیا سال ترقی و خوشحالی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کا سال ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو چیلنجز سے نکالنےکے لیے یکجہتی،نظم وضبط،محنت اور لگن سےکام کرناہوگا، نوجوانوں کو مواقع فراہم کرکے اُن کی صلاحیتوں کو نکھارنے  پر سرمایہ کاری کرناہوگی، پاکستان کو مضبوط بنانےکے لیے غریب طبقےکی ترقی پرتوجہ دینا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کی کامیابیوں، ناکامیوں کا جائزہ لینے اور ماضی سے سبق حاصل کرنےکی ضرورت ہے، سال کے آغاز  پر عوامی خدمت، امن و استحکام کے لیے محنت سےکام کرنےکا عزم کریں۔

مزید خبریں :