02 جنوری ، 2025
کراچی کے علاقے کلفٹن میں مبینہ طور پر نشے میں دھت ٹریفک پولیس آفیسر نے اپنی گاڑی سے ٹکر مار کرایک شخص کو ہلاک کر دیا۔
کلفٹن تھانے کی حدود کلفٹن انڈر پاس کے قریب تیز رفتار کار نمبر BF-7810کی ٹکر سے ایوب سیڈار ولد محبوب جاں بحق ہوگیا، حادثے کے بعد موقع پر موجود شہریوں نے مبینہ طور پر حادثے کے ذمہ دار ٹریفک پولیس انسپکٹر شاہد آنگورو کی ویڈیو بنائی جس میں وہ ٹریفک پولیس وردی میں ملبوس دیکھائی دے رہے ہیں جبکہ لوگوں کا دعویٰ تھا کہ وہ نشے میں دھت تھا۔
پولیس نے موقع پرپہنچ کر پولیس انسپکٹر کو حراست میں لیکر تھانے منتقل کیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
ایس ایچ او تھانہ کلفٹن عرفان میو کے مطابق ٹریفک پولیس انسپکٹر شاہد آنگورو بطور سیکشن آفیسر مومن آباد تعینات تھے، حادثے کے ذمہ ٹریفک پولیس انسپکٹر کا دوران ڈرائیونگ نشے میں ہونے کی تصدیق کے لیے میڈیکل کروایا گیا ہے جس کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔