02 جنوری ، 2025
بالی وڈ کی سینئر اداکارہ ہمانی شیو پوری نے زندگی کے سب سے مشکل وقت میں کنگ شاہ رخ خان سے ملنے والی سپورٹ کا اعتراف کیا ہے۔
اداکارہ ہمانی شیو پوری بالی وڈ فلمز اور ٹیلی ویژن انڈسٹری میں اپنی جاندار اداکاری اور مخصوص کرداروں کے لیے خاصی مشہور ہیں۔
حال ہی میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو کے دوران ہمانی شیو پوری نے اپنی زندگی کے سب سے مشکل وقت میں سپر اسٹار شاہ رخ خان کی جانب سے ملنے والی مدد پر بات کی۔
دوران انٹرویو ادکارہ نے بلاک بسٹر فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘کی شوٹنگ کے دوران پیش آئے لمحات کو اپنے کیرئیر کے مشکل ترین لمحات قرار دیا۔
اداکارہ نے بتایا کہ’اس فلم کی شوٹنگ کے دوران میں نے اپنے شوہر کو کھو دیا تھا، اس وقت میں اپنے بیٹے کی واحد سائبان تھی، شوہر کے کھونے کا غم ناقابل بیان ہے لیکن اس کے باوجود مجھے اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کو بیلنس رکھنا تھا‘ ۔
ہمانی شیوپوری نے بتایا کہ’ان تاریک دنوں میں شاہ رخ خان میری سپورٹ بنے، وہ مجھے لطیفے سناتے اور ہلکی پھلکی گفتگو میں مصروف رکھتے تاکہ میں خود کو تنہا محسوس نہ کر سکوں‘۔
سینئر اداکارہ نے مزید بتایا کہ شوہر کی وفات کے بعد یش چوپڑا اور پامیلا چوپڑا نے بھی مجھے کافی سپورٹ کیا، مجھے اب بھی یاد ہے کہ یش چوپڑا نے مجھ سے کہا تھا، جتنا وقت درکار ہو لے لو، ہم یہاں آپ کے لیے ہیں، یہ وہ سپورٹ تھی جس نے گہرے دکھ کے باوجود مجھے اپنے کیرئیر میں توازن کو برقرار رکھنے میں مدد کی ‘۔