Time 03 جنوری ، 2025
کھیل

دوسرا ٹیسٹ: جنوبی افریقا نے پاکستان کیخلاف پہلے روز 4 وکٹ پر 316 رنز بنالیے

جنوبی افریقا نے کیپ ٹاؤن میں ہونے والے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن 4 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنالیے۔

کیپ ٹاؤن میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

جنوبی افریقی اوپنر ایڈم مارکرم اور رکلٹن نے ٹیم کو 61 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ مارکرم 17 رنز بناکر آوٹ ہوئے، ویان ملڈر 5 اور ٹرسٹن اسٹبس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔

72 پر تین وکٹیں گرنے کے بعد رکلٹن اور کپتان باووما نے 235 رنز کی شراکت لگاکر ٹیم کی پوزیشن بہتر بنادی۔ 

باووما 106 رنز بناکر آغا سلمان کا شکا ر بنے۔ جنوبی افریقا نے پہلے دن کے اختتام تک چار وکٹ پر 316 رنز بنالیے۔ رکلٹن 176 رنز بناکر اب بھی کریز پر موجود ہیں۔ سلمان علی آغاز نے دو ،محمد عباس اور خرم شہزاد نے ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے صائم ایوب زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ صائم کا ٹخنہ مڑ گیا اور اب وہ ٹیسٹ سے باہر ہوگئے۔

پاکستانی ٹیم

قومی ٹیم میں شان مسعود، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران غلام، محمد رضوان، سعود شکیل، سلمان آغا، عامر جمال، میر حمزہ، خرم شہزاد اور محمد عباس شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ جنوبی افریقا نے جیتا تھا۔ ٹیسٹ سیریز سے قبل جنوبی افریقا نے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 0-2 سے جیتی تھی۔ اس کے بعد 3 ون ڈے میچز کی سیریز میں پاکستان نے کلین سویپ کر کے فتح حاصل کی تھی۔

مزید خبریں :