Time 06 جنوری ، 2025
کھیل

کرکٹ آسٹریلیا نے سنیل گواسکر کو اختتامی تقریب میں نہ بلانے کی غلطی تسلیم کرلی

کرکٹ آسٹریلیا نے سنیل گواسکر کو اختتامی تقریب میں نہ بلانے کی غلطی تسلیم کرلی
 آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کو بورڈر گواسکر ٹرافی دینے کے لیے سنیل گواسکر کو نہیں بلایا گیا تھا، پیٹ کمنز کو ٹرافی سابق آسٹریلوی کپتان ایلن بورڈر نے تھمائی تھی—فوٹو: ای ایس پی این

کرکٹ آسٹریلیا نے سنیل گواسکر کو اختتامی تقریب میں نہ بلانے کی غلطی تسلیم کر لی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کو بورڈر گواسکر ٹرافی دینے کے لیے سنیل گواسکر کو نہیں بلایا گیا تھا، پیٹ کمنز کو ٹرافی سابق آسٹریلوی کپتان ایلن بورڈر نے تھمائی تھی۔

سنیل گواسکر کے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ  میں موجود ہونے کے باوجود انہیں نہ بلانے پر خاصی تنقید ہوئی،  اب کرکٹ آسٹریلیا نے تسلیم کیا ہے کہ ٹرافی دینے کے وقت دونوں سابق کپتانوں کو موجود ہونا چاہیے تھا۔

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق کرکٹ بورڈ نے بہت پہلے فیصلہ کیا تھا کہ آسٹریلیا کے جیتنے پر ایلن بورڈ ٹرافی دیں گے، اگر بھارت بورڈر گواسکر ٹرافی جیتتا تو سنیل گواسکر ٹرافی دیتے۔

ترجمان کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ اگر ایلن بورڈر اور سنیل گواسکر اسٹیج پر موجود ہوتے تو یہ زیادہ اچھا ہوتا ، سنیل گواسکر نے بھی اسٹیج پر خود کو نہ بلائے جانے کا محسوس کیا۔

واضح رہے کہ سنیل گواسکر نے کہا تھا کہ ٹرافی دینے کی تقریب میں میں بھی موجود ہوتا تو مجھے اچھا لگتا ، میں گراونڈ میں موجود ہوں ، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آسٹریلیا جیتاہے، مجھے اپنے دوست ایلن بورڈر کے ساتھ ٹرافی دینے کا موقع ملتا تو مجھے بہت اچھا لگتا۔

مزید خبریں :