06 جنوری ، 2025
خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں پولیس کارروائی سے ہوئے نقصانات کی رپورٹ سامنے آگئی۔
نقصانات کا تخمینہ لگانے والی کمیٹی کے چیئرمین منیرحسین نے خیبرپختونخواسمبلی میں رپورٹ پیش کی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کے پی ہاؤس میں نقصانات کا تخمینہ 3 کروڑ روپے سے زائد ہے اور وزیراعلیٰ کے گمشدہ سامان کا تخمینہ 35 لاکھ روپے ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ کی 25 لاکھ روپے مالیت کی ایم فوررائفل، ڈیڑھ لاکھ روپے کی بلٹ پروف جیکٹ، 6 لاکھ روپے کا مالیت کا موبائل فون غائب ہوا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کے پی ہاؤس سے سرکاری اسلحہ، موبائل اور نقد رقم غائب ہوئی، وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کی گاڑیوں کو نقصان کا تخمینہ 10 لاکھ روپے لگایا گیا ہے، اس کے علاوہ 45 لاکھ روپے مالیت کے گیس ماسک، موبائل فونز بھی غائب ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سیکرٹریٹ اسٹاف کا اسلحہ، سامان گمشدگی،گاڑیوں کےنقصان کا تخمینہ ساڑھے 40 لاکھ روپے ہے، سی سی ٹی وی کیمرے، ڈی وی آر، لیپ ٹاپ اورکمیپوٹرز کے نقصان کا تخمینہ 10 لاکھ 50 ہزارروپے ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ کی 2 گاڑیوں کو 15 لاکھ 40 ہزار روپے کا نقصان پہنچا ہے، کے پی ہاؤس میں کمروں کے دروازے، شیشے، فیملی روم کو نقصان پہنچایا گیا۔
کے پی اسمبلی نے نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے قائم کمیٹی کی رپورٹ منظورکرلی۔
خیال رہے کہ5 اکتوبر 2024 کو پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا قافلہ اسلام آباد میں پہنچا تھا اور وہ خیبرپختونخوا ہاؤس چلے گئے تھے۔
اس پر پولیس اور رینجرز نے کے پی ہاؤس میں چھاپہ مارا تھا تاہم علی امین گنڈاپور روپوش ہونے کے 24 گھنٹے بعد منظر عام پر آئے تھے۔