10 جنوری ، 2025
کراچی کے علاقے قائد آباد میں دو برادریوں کے درمیان فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق قائد آباد فلائی اوور کے قریب گوشت گلی میں دونوں برادری کے افراد جمع ہوئے تھے، ان کے درمیان کئی روز سے جھگڑے چل رہے تھے۔ بات چیت کے دوران تلخ کلامی ہوگئی اور ایک دوسرے پر فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔
فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت ذوالفقار کے نام سے کی گئی جبکہ دونوں گروپوں کے افراد زخمی ہوئے جوکہ جناح اسپتال اور سول اسپتال پہنچے اور سول اسپتال پہنچنے والوں میں باپ اور اس کے دو بیٹے شامل ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور متعدد افراد کو حراست میں لے لیا، کچھ زخمیوں کی سیاسی وابستگی کی بھی اطلاعات ہیں تاہم فوری طور پر تصدیق نہیں کی جاسکتی۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی جیو نیوز کو موصول ہوگئی جس میں ایک گروپ کے افراد کو جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے لیکن چند ہی لمحوں بعد وہ بھاگتے ہوئے واپس آتے ہیں۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک شخص کے ہاتھ میں اسلحہ بھی نظر آرہا ہے اور تمام افراد ایک گھر میں پناہ لے لیتے ہیں۔