20 جنوری ، 2025
سپریم کورٹ نے سول مجسٹریٹ کو پی ٹی آئی کے ایم این اے عادل بازئی کی وزیراعظم شہباز شریف کے خلاف درخواست کا جلد فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے۔
سپریم کورٹ نے ایم این اے عادل بازئی کو ڈی سیٹ کرنے کے خلاف اپیل کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔ جسٹس منصور علی شاہ نے تحریر کردہ تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔
تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہےکہ عادل بازئی نے حلف نامے سے متعلق صدر ن لیگ شہباز شریف پر الزام لگائے ہیں، جو اس وقت وزیراعظم ہیں، جس سول مجسٹریٹ کے سامنے یہ معاملہ زیر التوا ہے وہ جلد اس کا فیصلہ کرے، پارٹی ڈکلیئریشن کا تنازع سول کورٹ طےکرے گی، الیکشن کمیشن طے نہیں کر سکتا۔
جسٹس عائشہ ملک نے اپنے اضافی نوٹ میں کہا کہ کیس کے حقائق بتاتے ہیں کہ الیکشن کمیشن آئینی ذمہ داری نبھانے میں ناکام رہا، الیکشن کمیشن نے ایک سیاسی جماعت کے حق میں اپنا جھکاؤ ظاہر کیا، الیکشن کمیشن کے حکومت کے حق میں جھکاؤ سے سیاسی نظام کی قانونی حیثیت متاثر ہوگی۔