پاکستان
02 مارچ ، 2013

پاکستان میں تمام عدالتیں قانون کی حکمرانی کی علمبردار ہیں، چیف جسٹس

پاکستان میں تمام عدالتیں قانون کی حکمرانی کی علمبردار ہیں، چیف جسٹس

اسلام آباد … چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام عدالتیں قانون کی حکمرانی کی علمبردار ہیں، قانون کے وضع کردہ اصول کے تحت مجرم ثابت ہونے والوں کے علاوہ کسی کو سزا دی جائے گی نہ ہی ایذا پہنچایا جائے گا۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے وفاقی جوڈیشنل اکیڈمی میں ایڈیشنل سیشن ججز میں تربیتی کورس کی سندیں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقدمے کی سماعت کیلئے ضروری ہے کہ ایک ایسا غیر جانبدار جج کیس کی سماعت کرے جو استغاثہ اور مجرم کے مابین شفاف توازن رکھ سکتا ہو، مقدمات کی سماعت کے دوران ٹرائل کورٹ آرٹیکل 10 اے کے مطابق عمل کرے، فوجداری انصاف کی ترویج میں مصروف عدالتی افسران پولیس کے کار فرما اصول اور تفتیش کے جدید طریقوں فارنسک، طبی، ڈی این اے، سائبر قوانین وغیرہ سے آگاہ ہوں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آئین کو تمام قوانین کی ماں تصور کرتے ہیں، کوئی قانون سے بالا نہیں اور قانون کی نظر میں سب برابر ہیں، ججز کا فیصلہ معتبر، تجزیاتی، شہادت پر مبنی اور گرامر کی غلطیوں سے پاک ہو۔ انہوں نے کہا کہ کہ جج وکلاء اور سائلین سے برتاوٴ کرتے وقت پرسکون رہیں، تحمل کا مظاہرہ کریں اور غصے پر قابو رکھیں۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ وفاقی قانونی اکیڈمی کو جلد وفاقی یونیورسٹی برائے قانون و ترویج انصاف کا درجہ دے دیا جائے گا، عدالتی افسران کی ترقی کو اکیڈمی میں لازمی تربیت سے مشروط کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

مزید خبریں :