30 جنوری ، 2025
وزیر اعظم شہباز شریف سے امریکی سرمایہ کار و ٹرمپ خاندان کےقریبی بزنس پارٹنر جینٹری بیچ کی قیادت میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی ،امریکی کاروباری شخصیات نے پاکستان میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا۔
امریکا کا اعلیٰ سطح کا سرمایہ کاروں کا وفد 2 روز کےدورے پر پاکستان میں ہے۔وفد کی قیادت ٹیکساس ہیج فنڈ کے منیجر اور ٹرمپ خاندان کے قریبی بزنس پارٹنر جینٹری بیچ کر رہے ہیں۔
بدھ کو پاکستان کا دورہ کرنے والے امریکی سرمایہ کاروں کے وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی کی۔جینٹری بیچ نے پاکستان کی بے پناہ اقتصادی صلاحیت کی تعریف کی اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو سراہا۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےجینٹری بیچ نے کہا کہ پاکستان میں مصنوعی ذہانت، معدنیات، توانائی اور ریئل اسٹیٹ میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، ایسی تعمیراتی ٹیکنالوجی پاکستان لانا چاہتے ہیں جس سے ایک ماہ میں 30 منزلہ عمارت کا ڈھانچا کھڑا ہوجاتا ہے۔
جینٹری بیچ کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ بھی ایک کاروباری شخصیت ہیں،اقتصادی سفارت کاری پر یقین رکھتے ہیں،امریکا اور پاکستان کی موجودہ قیادت کی سوچ یکساں ہے۔
ٹرمپ خاندان کے قریبی بزنس پارٹنر جینٹری بیچ نے کہا ہے کہ امریکی کاروباری شخصیات پاکستان میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کی خواہش رکھتے ہیں۔
جینٹری بیچ کا کہناتھاکہ ماضی میں امریکی عوام کو پاکستان کی حقیقی تصویرنہیں دکھائی گئی۔ امریکا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتا ہے، پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، صدر ٹرمپ کی سربراہی میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ نے 4 سال جو کچھ پاکستان کےساتھ کیا وہ مناسب نہیں تھا، امریکا پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتاہے، پاکستان کی موجودہ قیادت نئی امریکی قیادت کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔