Time 10 فروری ، 2025
پاکستان

کراچی کے میڈیکل کالجز میں دہرے ڈومیسائل کے درجنوں امیدواروں کے داخلے کا انکشاف

کراچی کے میڈیکل کالجز میں دہرے ڈومیسائل کے درجنوں امیدواروں کے داخلے کا انکشاف
دہرے ڈومیسائل پر داخلہ لینے والے امیدواروں کی اکثریت کے ڈومیسائل مبینہ طور پر کراچی کے ضلع شرقی سے بنوائے گئے، ان امیدواروں کا انٹر اور میٹرک بھی کراچی سے باہر کا تھا۔ فوٹو فائل

کراچی کے میڈیکل کالجوں میں اندرون سندھ، پنجاب اور وفاق کے 100 سے زائد ایسے امیدواروں کے داخلے لینے کا انکشاف ہوا ہے جو دہرے ڈومیسائل کے حامل ہیں۔

 ایسے امیدواروں کی اکثریت نے گزشتہ سال کسی اور ضلع کی بنیاد پر اندرون سندھ میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس میں داخلہ لینے کی کوشش کی تاہم اندرون سندھ داخلوں کی زیادہ نمبروں پر بند ہونے کے باعث وہ گزشتہ برس داخلہ لینے سے محروم رہے لیکن اس برس وہ کراچی کا ڈومسائل بنا کر کراچی میں داخلہ لینے میں کامیاب ہو گئے۔ 

ان میں سے اکثریت کے ڈومیسائل مبینہ طور پر کراچی کے ضلع شرقی سے بنوائے گئے ہیں جبکہ ان امیدواروں کا انٹر اور میٹرک بھی کراچی سے باہر کا تھا۔

سندھ میں مرکزی سطح پر میرٹ لسٹ جاری کرنے والی یونیورسٹی لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے ایک اہم ذمہ دار نے تصدیق کی کہ ہم نے کچھ ایسے امیدواروں کے داخلے پکڑے ہیں جن کے پاس پنجاب کے ڈومیسائل تھے اور وہ سندھ کے ڈومیسائل بنانے میں بھی کامیاب ہو گئے جس کے بعد انھیں کراچی اور اندرون سندھ کی میڈیکل کی جامعات میں داخلہ مل گیا اور اصل حقدار محروم رہ گئے تاہم شک پر جب ان کے شناختی کارڈ کے نمبر جانچ کی تو پنجاب کا ڈومیسائل سسٹم آن لائن ہونے کی وجہ سے یہ پتہ چل گیا کہ ان کے پاس تو پہلے پنجاب کا ڈومیسائل ہے پھر بعد میں انھوں نے سندھ کا بنایا۔

انھوں نے بتایا کہ سندھ میں ڈومسائل سسٹم آن لائن نہیں ہے جس کی وجہ سے دہرے ڈومیسائل کو پکڑنا مشکل ہے تاہم ہمیں کراچی سے یہ شکایتیں موصول ہوئی ہیں کہ بعض امیدواروں کے پاس پچھلے سال اندرون سندھ کے اضلاع کے ڈومیسال تھے اور ان کا میٹرک اور انٹر بھی کراچی سے باہر کا تھا مگر اس سال انھوں نے کراچی کے ڈومیسائل بنا کر داخلہ لے لیا۔ 

یاد رہے کہ سندھ میں صوبائی حکومت کی ڈومسائل پالیسی کی وجہ سے کراچی کے تعلیمی اداروں سے انٹر میٹرک اور او اور اے لیول کرنے والے امیدواروں کی نمایاں اکثریت میڈیکل کالجوں میں داخلہ لینے سے محروم ہو گئی اور ان کی جگہ تینوں صوبوں، وفاق اور اندرون سندھ کے طلبہ کراچی کے میڈیکل کالجوں میں داخلہ لینے پر کامیاب ہو گئے ہیں۔

کراچی میں ٹاپ نمبر پر آنے والی امیدوار جس کا ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی میں داخلہ ہوا اس نے اپنا میٹرک اور انٹر اسلام آباد بورڈ سے کیا ہے جبکہ اس کا عارضی اور مستقل پتہ راولپنڈی کا تھا، اس نے ڈومسائل کراچی کا لگایا تھا۔

مزید خبریں :