17 فروری ، 2025
کراچی: مقامی عدالت نے مصطفیٰ عامر کے اغوا اور قتل کیس میں مقتول کی قبر کشائی کی درخواست منظور کرلی۔
کراچی کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے تفتیشی افسر کی جانب سے دائر مقتول مصطفیٰ عامر کی قبر کشائی کی درخواست منظور کی اور عدالت نے قبر کشائی کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہےکہ سیکرٹری صحت قبر کشائی کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیں، قبر کشائی مکمل کرکے 7 روز میں رپورٹ پیش کی جائے۔
سندھ ہائیکورٹ کا کل ملزم کو پیش کرنے کا حکم
دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ نے ملزم ارمغان کاجسمانی ریمانڈ نہ دینے کے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت کی جس میں عدالت نے ملزم کو کل پیش کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے کہا کہ مناسب سکیورٹی کے ساتھ ملزم کو کل صبح ساڑھے 9 بجے پیش کیا جائے۔
عدالت نے ریمانڈ سے متعلق کیس کا تمام اصل ریکارڈ بھی طلب کرلیا جب کہ اس دوران قائم مقام پراسیکیوٹر جنرل سندھ منتظر مہدی نے منتظم جج پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔
منتظر مہدی نے کہا کہ الگ الگ ایف آئی آرز کے باوجود بھی ریمانڈ نہیں دیا گیا، ریمانڈ کے بغیر کارروائی کیسے آگے بڑھائیں گے، انصاف کیسے ہوگا؟ ایک ماں کا بیٹا گیا ہے، ڈی ایس پی زخمی ہوا ہمیں کارروائی تو کرنے دی جائے۔