20 فروری ، 2025
ویسے تو یہ خیال کیا جاتا ہے کہ سرکہ صرف مخصوص کھانوں بالخصوص چائنیز کھانوں میں استعمال کیا جاتا ہے لیکن یہ درست نہیں کیوں کہ سرکے کے بے شمار فوائد ہیں جن سے بہت کم لوگ ہی واقف ہیں۔
سرکہ کھانوں کے ذائقے کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ صفائی کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے کیونکہ اس میں موجود اینٹی بیکٹیریل خصوصیات چکنائی ہو یا گہرے داغ، آسانی سے صاف کرسکتی ہیں۔
سرکے کے فوائد درج ذیل ہیں۔
کچن کی صفائی
سرکہ ایک بہترین قدرتی کلینر ہے، اسے کچن کاؤنٹر، گیس کے چولہے اور مائیکرو ویو کو صاف کرنے کے لیے پانی میں ملا کر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
پھلوں اور سبزیوں کو دھونے کے لیے
اگر سرکے کو پانی میں ملا کر پھلوں اور سبزیوں کو دھویا جائے تو اس سے پھل اور سبزیوں میں موجود بیکٹیریا اور کیمیکلز ختم ہو جاتے ہیں۔
بالوں کو کنڈیشنر کرے
اگر آپ اپنے بےجان بالوں کو نرم اور چمکدار بنانا چاہتے ہیں تو سیب کے سرکہ کو پانی میں ملائیں اور پھر اپنے بالوں کو دھوئیں ایسا کرنے سے یہ نرم اور چمکدار ہو جاتے ہیں۔
پیروں کی بدبو دور کرنے میں مددگار
اگر آپ کے پیروں سے بدبو آتی ہے تو نیم گرم پانی میں سرکہ ملا کر پاؤں دھو لیں، اس سے بیکٹیریا ختم اور بدبو دور ہو جائے گی۔
گلے کی سوزش کو دور کرے
سیب کے سرکے کو نیم گرم پانی میں ملا کر غرارے کیے جائیں تو اس سے گلے کی خراش میں آرام ملتا ہے۔
کیڑوں سے بچائے
چیونٹیوں، لال بیگوں سمیت دیگر کیڑوں مکوڑوں سے نجات کے لیے دروازوں اور کھڑکیوں کے قریب سرکہ چھڑک دیں، ایسا کرنے سے بھی کیڑے مکوڑے دور ہوسکتے ہیں۔